124

ایلون مسک نے اپنے 12 ویں بچے کی پیدائش کی تصدیق کردی

اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے اپنے 12 ویں بچے کی پیدائش کی تصدیق کی ہے۔

گزشتہ چند روز سے ایسی رپورٹس سامنے آرہی تھیں کہ ایلون مسک اور ان کی کمپنی نیورالنک کی عہدیدار شیون زیلیس کے ہاں چند ماہ پہلے تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

اب ایلون مسک نے ان رپورٹس کی تصدیق کی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ایلون مسک سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اپنے 12 ویں بچے کو خفیہ رکھا ہوا ہے؟

جس پر ایلون مسک نے کہا کہ 'خفیہ طور پر باپ بننے کی رپورٹس غلط ہیں، ہمارے سب دوست اور گھر والے اس سے واقف ہیں، البتہ اس بارے میں پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی، مگر اسے خفیہ رکھنا تو نہیں کہا جا سکتا'۔

ایلون مسک اور شیون زیلیس نے بچے کا نام یا جنس کے بارے میں بات نہیں کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک اور شیون زیلیس کے جڑواں بچوں کی پیدائش نومبر 2021 میں ہوئی تھی جبکہ تیسرے بچے کی پیدائش کے بعد اب ایلون مسک کے 12 بچے ہوگئے ہیں۔

ایلون مسک نے اپنے 12 ویں بچے کی پیدائش کی تصدیق کردی

ایک انٹرویو میں انہوں نے 12 ویں بچے کی تصدیق کی / سوشل میڈیا فوٹو

 

ایلون مسک اور ان کی پہلی اہلیہ جسٹن مسک کے 6 بچے ہوئے تھے جن میں سے ایک انتقال کرگیا جبکہ 5 زندہ ہیں اور کینیڈین گلوکارہ گرائمز سے ان کے 3 بچے ہیں۔

اس بچے کے بارے میں اولین رپورٹ 20 جون کو بلومبرگ کی جانب سے جاری کی گئی تھی جس میں عالمی آبادی میں کمی کے حوالے سے ایلون مسک کے خدشات پر بات کی گئی تھی۔

ایلون مسک نے انٹرویو کے دوران بھی اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'متعدد ممالک میں آبادی کی شرح گھٹ رہی ہے اور جلد ایسا پوری دنیا میں ہوگا'۔