181

پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز، سرفراز ایکشن میں نظر آئیں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد 7 ماہ بعد ایک مرتبہ پھر سے وائٹ کِٹ زیبِ تن کرنے کے لیے تیار ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں ناقص کارکردگی کے بعد اب پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا مرحلہ طویل فارمیٹ کی سیریز ہے۔ پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اگست میں ہوم گراؤنڈ پر دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی جو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں محمد رضوان کی جگہ سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کرتے نظر آسکتے ہیں۔ دونوں ٹیسٹ میچز میں بابر اعظم سمیت کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام بھی دیا جاسکتا ہے۔

شان مسعود کی قیادت میں کچھ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل ہونے کا موقع مل سکتا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا اور سعود شکیل شامل ہوسکتے ہیں جبکہ شاہین آفریدی اور رضوان کو بھی آرام دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپتان شان مسعود اس سیریز میں رضوان کی جگہ سرفراز کو ہی وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سونپنا چاہتے ہیں۔ قومی ٹیم کی تشکیل کے لیے سلیکشن کمیٹی کپتان شان مسعود اور ٹیسٹ کوچ جیسن گلیسپی سے مشاورت کرے گی۔