293

اچھا ہوتا کھلاڑی حارث کی حمایت کیساتھ اپنی کارکردگی پر بھی قوم سے معافی مانگتے: احمد شہزاد

قومی کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا ہے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے فاسٹ بولر حارث رؤف سے ہمدردی کے لیے سوشل میڈیا پر جو پوسٹیں لگائیں وہ انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں خراب کارکردگی پر قوم سے معافی مانگنے کے لیے بھی لگانی چاہیے تھیں۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں حارث رؤف کو ایک فین سے الجھتے دیکھا گیا تھا۔

اس حوالے سے حارث رؤف نے اپنے بیان میں وضاحت بھی کی تھی کہ کارکردگی پر تنقید فینز کا حق ہے لیکن اگر کوئی میرے والدین کے بارے میں کچھ کہے گا تو اسے جواب ضرور ملے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فین سے فوری طور پر حارث رؤف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ قومی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی حارث رؤف کے ساتھ پیش آئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی تھی۔

اس حوالے سے ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ جہاں ہم حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مکمل مذمت کرتے ہیں وہیں یہ بات بھی اہم ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے حارث کو سپورٹ کرنے کے لیے جو پوسٹس لگائی گئی ہیں وہ ورلڈکپ میں ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے شائقین سے معذرت کے طور پر ہونی چاہیے تھیں۔

احمد شہزاد نے ایکس پر یہ بھی لکھا کہ اچھا ہوتا اگر یہ کھلاڑی قوم سے معافی مانگتے، اگر یہ کھلاڑی شرمندہ ہوتے اور یہ کھلاڑی امریکا، انگلینڈ یا دبئی میں چھٹیاں گزارنے کے بجائے پاکستان واپس آ جاتے۔

اچھا ہوتا کھلاڑی حارث کی حمایت کیساتھ اپنی کارکردگی پر بھی قوم سے معافی مانگتے: احمد شہزاد
 

قومی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کھلاڑیوں کی ان پوسٹوں سے بیانیہ نہیں بدلنا چاہیے اور شائقین کو کھلاڑیوں کی خراب پرفارمنس کا جواب ملنا چاہیے، احتساب اب بہت ضروری ہے، کھلاڑیوں کے ایک ہی گروپ نے پچھلے پانچ سالوں میں ہمارے ملک کے لیے کچھ نہیں جیتا اور پاکستان کی اجتماعی کامیابی کو ترجیح دینے کے بجائے ذاتی سنگ میل کو ترجیح دیتے رہے۔