330

یہ آپکی اپنی ٹیم ہے، ہر حال میں پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنا ہے، سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہر حال میں قومی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستانی ٹیم کی کاکردگی سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے کوشش کی پھر بھی ان کو سپورٹ کرنا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جب آپ کھیل رہے ہوتے ہیں تو اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ٹیم نے کوشش کی، بدقسمتی سے نہیں ہوسکا، یہ کھیل کا حصہ ہے۔ یہی وہ لڑکے ہیں جو پرفارم کرتے آرہے ہیں، یہ آپکی ٹیم ہے۔

سابق کپتان سے سوال کیا گیا کہ آپکے پاس جو لوگ آتے ہیں اب انکی بھی خواہش ہے کہ آپ دوبارہ کپتان بنیں۔ جس پر سرفراز بولے کہ ‘نہیں ایسا نہیں ہے، یہ لوگ یہاں جانور دیکھنے آتے ہیں۔’

عید الاضحیٰ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگلے سال کی قربانی کی تیاری ابھی سے شروع کر دی ہے جس کے لیے ایک جانور خرید لیا ہے اور ایک جانور لینا باقی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی اتنی زیادہ ہو گئی ہے، ہماری گلی اور محلے میں بھی اس مرتبہ اتنے زیادہ جانور نہیں آئے۔ اس سال مہنگائی کی وجہ سے قربانی کا جوش و جذبہ کم نظر آ رہا ہے۔