فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ نے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ قبول نہ کرنے والے تاجروں کو خبردار کیا ہے کہ انکا کاروبار سیل کردیا جائے گا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سینیٹ کے ارکان کی طرف سے ریٹیلرز کے خلاف شکایات سے آگاہ کیا گیا۔ ارکان نے کہا کہ ریسٹورنٹس اور بک شاپس سمیت بہت سے ریٹیلرز کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ وصول نہیں کرتے اور مشین کا لنک ڈاؤن ہونے کا بہانہ کرتے ہیں۔
دورانِ اجلاس چیئرمین ایف بی آر نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے پیمنٹ وصول کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ قبول نہیں کرتا تو کاروبار سیل کردیا جائے گا۔ پی او ایس انوائس سسٹم پر عمل درآمد نہ کرنے والے ریٹیلرز کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا، وصولی کے 7 دن بعد ہی کاروبار یا دکان کھولنے کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رجحان میں دسمبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 24.5 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی تھی۔