37

آئندہ ماہ سے آٹا، دال، چاول، چینی اور مصالحوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا: چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کہا ہےکہ آئندہ مالی سال سے پروسسنگ اور پیکڈ آٹا، دال، چاول، چینی اور مصالحوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائدہوگا۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والاکی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر اور نمائندہ انڈسٹری شیخ وقار احمد نے شرکت کی۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مقامی طورپر تیاربچوں کے دودھ پر18 فیصد سیلز ٹیکس لگانےکی تجویزپرغور کیا گیا جب کہ اس دوران نمائندہ انڈسٹری شیخ وقار نے کہا کہ سیلز ٹیکس بتدریج بڑھایا جائے، سیلز ٹیکس سے بچوں کے دودھ کی قیمت میں بہت اضافہ ہوجائےگا۔

چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر نے کہا کہ دودھ کی کمپنیوں نے 2 برس کے دوران اپنی مصنوعات کی قیمتیں متعدد باربڑھائیں، دودھ کی کمپنیوں نے صارفین پر مزید بوجھ بڑھایا مگر حکومت کو کچھ دینے کو تیار نہیں، حیران کن ہے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ڈسٹری بیوٹرزبھی ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں، آئندہ مالی سال سے زیرو ریٹنگ مکمل ختم کردی گئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ درآمدی دودھ مقامی دودھ سے دگنا قیمت پرفروخت ہو رہا ہے، آئندہ مالی سال سے پروسسنگ اور پیکڈ آٹا، دال، چاول، چینی  اور مصالحوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائدہوگا، اگر ہم 18 فیصد سیلز ٹیکس چھوڑ دیں توکمپنی بھی اپنی قیمت 18 فیصدکم کرے۔