66

چیک ری پبلک میں مسافر اور کیمیکل سے بھری مال بردار ٹرین میں تصادم، 4 افراد ہلاک

یورپی ملک چیک ری پبلک میں 2 ٹرینوں کے درمیان ہونے والا تصادم 4 جانیں لے گیا۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق چیک ری پبلک کے شہر پرڈوبیس میں مسافر ٹرین اور مال بردار  ریل گاڑی میں خوفناک تصادم ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین میں 300 کے قریب مسافر سوار تھے جنہیں لیے مسافر ٹرین پراگ سے مشرقی یوکرین کے علاقے چوپ کی جانب گامزن تھی۔

لوکل ایمرجنسی سروس کے ترجمان کی جانب سے ٹرین حادثے میں 4 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق  کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 24 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ مال بردار ٹرین میں صنعتی کیمیکل موجود تھا جو خوش قسمتی سے حادثے کی وجہ سے لیک نہیں ہوا۔

حکام کے مطابق مسافروں کو ٹرین سے ریسکیو اور  پٹری کو کلیئر کرنے کیلئے انتظامات کیے جا رہے ہیں اور ساتھ ہی واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔