89

پاکستان کا متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کرانے کا فیصلہ

حکومت پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف صدر متحدہ عرب امارات کو ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔

وزیراعظم کی جانب سے صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زید بن النہیان کو خط لکھنے کے لیے وزارت خزانہ نے ورکنگ مکمل کرلی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دورہ چین سے واپسی پر یو اے ای کو ایک ارب ڈالر قرض کو رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے، یو اے ای نے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر مرکزی بینک میں ڈپازٹ کرائے ہوئے ہیں۔

یو اے ای سے 2 ارب ڈالر کا قرض جنوری میں ایک سال کے لیے رول اوور کرایا گیا تھا جبکہ ایک ارب ڈالر کو رول اوور کرنے کی اب درخواست کی جائے گی اور اس ایک ارب ڈالر کا میچورٹی ٹائم آئندہ ماہ کے دوران مکمل ہو جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ یو اے ای کی جانب سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ اسٹیٹ بینک میں رکھوائے گئے ہیں جو تین اقساط میں موصول ہوئے تھے تاہم ایک ارب ڈالر کا 17 جنوری اور ایک ارب ڈالر کا 23 جنوری کو ڈیپازٹ ٹائم مکمل ہونے کے بعد رول اوور ہو چکے ہیں جبکہ دوبارہ میچورٹی ٹائم قریب آنے پر درخواست کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای سے 3 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ پر مختلف شرح سود ادا کرنا ہو گی، 2 ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر پر 3 فیصد اور ایک ارب ڈالر پر 6.5 فیصد شرح سود عائد ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف چین سے دورہ مکمل کر کے واپس آئیں گے تو یو اے ای حکام کو خط لکھ کر درخواست کریں گے جس کے بعد یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر کا ڈیپازٹ جلد رول اوور ہونے کا امکان ہے۔

اہم ڈویلپمنٹ کے لیے حکومت پاکستان اور یو اے ای حکام رابطے میں رہیں گے، ایک ارب ڈالر سیف ڈیپازٹ کو رول اوور کرانے کے لیے وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی یو اے ای حکام سے بات چیت جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر یو اے ای کو جو خط لکھا جائے گا اس میں یو اے ای کے تعاون کا شکریہ ادا کیا جائے گا اور ملکی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا کیونکہ یو اے ای کی جانب سے مشکل معاشی صورتحال میں پاکستان کے مرکزی بینک اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرائے گئے تھے۔

شہباز شریف کی جانب سے جو خط صدر یو اے ای شیخ محمد بن زید بن النہیان کو لکھا جائے گا اس کو یو اے ای میں پاکستان کے سفیر یو اے ای حکام تک پہنچائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف خط میں یو اے ای حکام کو ایک ارب ڈالر کو موجودہ ٹرم اینڈ کنڈیشنز پر رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔