163

پاک آئرلینڈ تیسرا ٹی ٹوئنٹی، نسیم کی جگہ ابرار کو موقع دینے کا امکان

پاک آئرلینڈ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم کے اسکواڈ میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی جگہ اسپنر ابرار احمد کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین میچز کی سیریز پر مشتمل آخری اور فیصلہ کُن میچ آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں کلونٹرف کرکٹ اسٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گی، سیریز جیتنے کی صورت میں آئرلینڈ پاکستان کیخلاف نئی تاریخ رقم کردے گی۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان کا ممکنہ اسکواڈ سامنے آگیا ہے۔ بابر اعظم کی قیادت میں محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر اور عباس آفریدی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

آئرلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں ٹیم انتظامیہ تین اسپنرز کا انتخاب کر سکتی ہے جبکہ نسیم شاہ کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ فاسٹ باؤلر کی جگہ اسپنر ابرار احمد کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

صائم ایوب اور محمد رضوان ایک بار پھر اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں جبکہ بابر اعظم ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلیں گے۔ افتخار احمد اور عماد وسیم کا چھٹے اور ساتویں نمبر پر کھیلنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ دوسرے میچ میں آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان نے سیریز 1-1 سے برابر کرلی ہے۔