پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اگر گرین شرٹس ورلڈکپ سیمی فائنل تک پہنچ جائے، بڑی بات ہوگی۔
یوٹیوب چینل پر پاک آئرلینڈ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف شکست پر کوئی بہانہ قبول نہیں۔ کرکٹرز کی باڈی لینگویج کمزور دکھائی دے رہی ہے، اتنے کمبی نیشن بنائے ہیں جس سے ٹیم بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہا گرین شرٹس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے تھے لیکن کپتان بابراعظم کو ہٹا دیا گیا اور پھر پچھلے کپتان کی جگہ دوبارہ انہیں لایا گیا۔ ٹی 20 ورلڈکپ رینکنگز میں ٹیم ساتویں پوزیشن پر آگئی جو اصل حالت کو ظاہر کرتا ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں ٹیم کی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ورلڈکپ کیسے جیت سکتا ہے؟ جب کمبینیشن بھی درست نہیں، اوپننگ جوڑی سیٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیٹ بلے باز اپنی وکٹیں گنوا بیٹھتے ہیں اور مڈل آرڈر چل نہیں پارہا ہے۔ ایسی صورتحال میں قومی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل تک پہنچ جائے، یہ بڑی بات ہوگی۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف چار میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔