30

ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کا دورہ بھارت اچانک ملتوی

نیویارک: گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مالک ایلون مسک نے دورہ بھارت اچانک ملتوی کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے دورہ بھارت ملتوی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ٹیسلا کے حوالے سے ذمہ داریاں اس وقت زیادہ اہم ہیں۔ اس لیے بھارت کا دورہ ملتوی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا دورہ رواں سال ہی کسی وقت کیا جائے گا۔ امریکہ میں اہم پریس کانفرنس کی وجہ سے دورہ بھارت ملتوی کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک 21 تا 23 اپریل کو بھارت کا دورہ کرنے والے تھے کہ ایک روز قبل انہوں نے دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اس دورے میں انہیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کرنا تھی۔ وہ بھارت میں 2 سے 3 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے والے تھے۔

ذرائع کے مطابق سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیسلا کی کارکردگی سے متعلق سوالوں کا جواب دینے کے لیے ایلون مسک 23 اپریل کو امریکہ میں اہم کانفرنس کریں گے۔

بھارتی مارکیٹ میں ٹیسلا کی انٹری کا ایک زمانے سے انتظار ہو رہا ہے، بھارتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کاریں بنانے والے جو ادارے بھارت میں سرمایہ کاری کریں گے اُن کی بنائی ہوئی گاڑیوں پر درآمدی ڈیوٹی کم کردی جائے گی۔

واضح رہے نارمل اور الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والے چینی اداروں کی طرف سے ٹیسلا کو غیر معمولی مسابقت کا سامنا ہے جس کے باعث بہت سے منصوبے سرد خانے میں ڈال دیئے گئے ہیں۔