وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نائب کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان کا اعلان جلد متوقع ہے اس حوالے سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔
خیال رہے کہ محمد رضوان سابق کپتان شاہین آفریدی کے ساتھ بھی نائب تھے۔
دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور انجری سے واپس آنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ریکارڈز پر نظریں مرکوز کرلیں۔
رضوان مختصر ترین فارمیٹ میں بابراعظم اور ویرات کوہلی کے 3 ہزار رنز کا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں، دونوں کرکٹر نے یہ کارنامہ محض 81 اننگز میں حاصل کیا تھا۔
رضوان 78 اننگز میں 2 ہزار 981 رنز کیساتھ تیز ترین 3 ہزار سے محض 19 رنز دور ہیں، اگر وکٹ کیپر بیٹر ریکارڈ توڑ دیتے ہیں تو وہ 3000 رنز مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی بھی بن جائیں گے۔
دوسری جانب فاسٹ باؤلر نسیم شاہ بھی اپنے بین الاقوامی کیریئر میں ایک قابل ذکر سنگ میل کے قریب ہیں، انہوں نے 50 میچز میں 98 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جبکہ انہیں 100 وکٹوں کے کلب میں شمار ہونے کیلئے محض دو وکٹیں درکار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔