دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں آج صرف ایک میچ کھیلا جائے گا۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ایونٹ کا آٹھواں میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔
ایونٹ میں لاہور قلندرز نے اب تک دو میچز کھیلے اور دونوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کراچی کنگز نے اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔
لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکولم اپنی دھواں دھار بیٹنگ کی وجہ سے مشہور ہیں لیکن ابتدائی دونوں میچز میں وہ کوئی خاطر خواہ پرفارمنس نہیں دے پائے تاہم آج ہونے والے میچ میں سب کی نظریں ان کی بیٹنگ پر ہوں گی۔
لاہور قلندرز کے پاس فخر زمان اور عمر اکمل جیسے جارح مزاج بلے باز بھی ہیں، اسی طرح بولنگ لائن میں ان کے پاس آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر رہنے والے سنیل نارائن، یاسر شاہ اور سہیل تنویر جیسے بولر بھی ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے، کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ لاہور قلندرز کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت کھیلنے کی کوشش کریں گے اور جیت کو یقینی بنائیں گے۔
کراچی کنگز میں بابراعظم، روی بوپارا، شاہد آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، لینڈل سمنز اور این مورگن جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز دو میچز میں کامیابی کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ ملتان سلطانز نے اب تک 3 میچز کھیلے جس میں اسے دو میں فتح اور ایک میں ناکامی کا سامنا رہا اور 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 2،2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جب کہ لاہور قلندرز اپنے دونوں میچز میں ناکامی کے بعد سب سے آخری پوزیشن پر براجمان ہے۔