دبئی: پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) تیسرے ایڈیشن میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے جن میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
اپنے ایونٹ کے پہلے میچ میں کپتان مصباح الحق کی عدم شرکت کی وجہ سے رومان رئیس نے کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے جہاں انہیں پشاور زلمی سے 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق ملتان سلطانز کے خلاف میچ کا حصہ ہوں گے۔
مصباح الحق انجری کا شکار تھے اور گزشتہ میچ میں ڈاکٹرز کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے حصہ نہیں لیا تھا۔
پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز نے ایونٹ میں 2 میچز کھیلے ہیں اور دونوں ہی میں کامیاب رہی۔
آج پی ایس ایل کا دوسرا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پشاور زلمی کو ایونٹ کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کو 19 رنز سے شکست دے کر کامیابی کے ساتھ اپنی پی ایس ایل مہم کا اغاز کیا تھا۔
اس میچ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ برس کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی کے اہم ترین کھلاڑی شاہد آفریدی اس مرتبہ کراچی کنگز کا حصہ ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ آلراؤنڈر کی کراچی میں شمولیت کے بعد پہلا مقابلہ ہے۔