اسرائیل میں ایک ٹرک سے ملنے والی 80 فلسطینیوں کی اعضا کٹی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل سے ایک ٹرک غزہ کے جنوبی علاقے میں لایا گیا ہے جس میں 80 نامعلوم فلسطینیوں کی لاشیں تھیں۔ سفاکیت کی انتہا یہ ہے کہ ان لاشوں کے اندرونی اعضا بھی غائب تھے۔
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ان لاشوں کی شناخت بھی نہ ہوسکی اور نہ ہی موت کی وجہ کا تعین ہوسکا جس کے بعد ان لاوارث لاشوں کی رفح میں اجتماعی تدفین کر دی گئی۔
غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس پر خود اس کے امریکا سمیت کئی اتحادی بھی آواز اٹھا چکے ہیں لیکن اسرائیل ڈھٹائی پر قائم ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں الشفا اسپتال میں اسرائیلی حملے کے بعد 100 سے زائد لاشیں ملی تھیں جن کی شناخت نہ ہو پانے پر اجتماعی تدفین کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 60 ہزار کے نزدیک زخمی ہیں۔