32

ٹیسٹ سیریز ، نعمان علی کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے والے باؤلر نعمان علی کی جگہ آلراؤنڈر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کرلیا۔

پی سی بی کی جانب جاری اعلامیہ کے مطابق نعمان علی اپینڈکس کے آپریشن کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور محمد نواز ٹیسٹ سیریز میں ان کے متبادل ہوں گے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے محمد نواز کو نعمان علی کے متبادل کے طور پر آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ محمد نواز نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ بھی ہیں۔

اس حوالے سے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ نعمان علی ٹیسٹ میچز کے لئے دستیاب نہیں ہیں، لاجسٹک مسائل اور بقیہ کھلاڑیوں کا ویزہ نہ ہونے کی وجہ سے محمد نواز دستیاب کھلاڑی تھے جبکہ ابرار احمد تیسرے میچ کے لئے دستیاب ہوں گے۔