35

حارث رؤف بغیر پیڈ کے بیٹنگ کیلئے گراؤنڈ میں آگئے ، ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل

آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے دوران میلبرن اسٹارز کے فاسٹ بولر حارث رؤف بغیر پیڈ کے ہی بیٹنگ کرنے گراؤنڈ میں آ گئے۔

آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے 13 ویں ایڈیشن کے دوران یہ عجیب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک موقع پر سڈنی تھنڈرز کے خلاف میلبرن اسٹارز نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لیے تھے۔

ایک ہی اوور میں میلبرن اسٹارز کی یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے باعث گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے حارث رؤف کو بالکل بھی تیار ہونے کا موقع نہ ملا اور وہ ٹائمڈ آؤٹ ہونے سے بچنے کے لیے بغیر پیڈ پہنے، گلووز اور ہیلمٹ ہاتھ میں لیے وکٹ پر پہنچ گئے۔

تاہم حارث رؤف خوش قسمت تھے کہ وہ جب بیٹنگ کے لیے آئے تو پہلی اننگز کی آخری گیند تھی اور انہیں نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑا ہونا تھا جس کے باعث انہیں کسی گیند کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

حارث رؤف کی بغیر پیڈ پہنے بیٹنگ کے لیے گراؤنڈ میں آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی بہت زیادہ وائرل ہو رہی ہے اور اس پر صارفین دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

بگ بیش لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا پیچ کی جانب سے بھی یہ دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جبکہ میلبرن اسٹارز کی جانب سے حارث رؤف کی بغیر پیڈ کے گراؤنڈ میں کھڑے ہونے کی تصویر شیئر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اکتوبر نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے دوران سری لنکا اور بنگلا دیش کے میچ میں سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کو  کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا تھا کیونکہ وہ مقررہ وقت پر وکٹ نہیں پہنچ سکے تھے۔