27

عمران، قریشی کی رہائی اصلی انتخابات کو یقینی بنائے گی، ضمانت کا تفصیلی فیصلہ

سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیٸرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کا سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے 5 صفحات پر مشتمل علیحدہ نوٹ بھی لکھا، فیصلہ میں کہا گیا کہ ملزمان کی انتخابات کے دوران رہائی اصلی انتخابات کو یقینی بنائے گی۔

سائفر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ ضمانت کا فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ دی گئی آبزویشنز ٹرائل کو متاثر نہیں کریں گی، بانی پی ٹی آئی عمران خان ضمانت کا غلط استعمال کریں تو ٹرائل کورٹ اسے منسوخ کر سکتی ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 5(3) بی کے جرم کا ارتکاب ہونے کے شواہد نہیں۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ ملزمان کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے جرم کے ارتکاب کیلئے مزید انکوائری کے حوالے مناسب شواہد ہیں، مزید تحقیقات کا فیصلہ ٹرائل کورٹ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہی کر سکتی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ کا 5 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے 5 صفحات پر مشتمل علیحدہ اضافی نوٹ بھی لکھا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے اضافی نوٹ میں تحریر کیا کہ درخواست گزار معاشرے کے خلاف جرم میں ملوث نہیں، ملزمان کی گرفتاری کا کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا، پورا ٹرائل دستاویزی شواہد پر منحصر ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ملزمان کی انتخابات کے دوران رہائی اصلی انتخابات کو یقینی بنائیں گے، کیس میں ایسے حالات نہیں کہ ضمانت کو مسترد کیا جائے۔