25

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے کاغذات نامزدگی جمع

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 6 دیر سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر حلف کی پاسداری کرتے ہوئے شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے این اے 6 لوئر دیر سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو بلامبٹ سے جلوس کی شکل میں ریٹرننگ آفیسر کے دفتر لایا گیا۔

تیمر گرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن آئین کا تقاضہ ہے، الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ اور نگران حکومت کے پاس الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں، شیڈول آنے کے بعد شکو ک و شبہات ختم ہوگئے۔

ان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ یقیناً ایسے ہیں جو الیکشن نہیں چاہتے، ان کی خواہش تھی کہ کسی بھی طریقے سے الیکشن ملتوی ہوجائے، ان لوگوں کو الیکشن میں شکست نظر آتی تھی، چیف الیکشن کمشنر حلف کی پاسداری کرتے ہوئے شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کیلئے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں، 8 فروری کے الیکشن اس صورت میں قوم کو قابل قبول ہوں گے جب وہ شفاف ہوں۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پوری قوم کیلئے باعث شرم اور پاکستان کو پوری دنیا کے سامنے تماشہ بنایا گیا، جن کے مقدمات عدالتوں میں ہیں ان کیساتھ انصاف اور عدل کیساتھ معاملات طے کرنے چاہئیں۔