315

نوجوان بولرز نے پشاور زلمی کو پہلی فتح دلوادی

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو  34 رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے دیئے گئے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد  یونائیٹڈ مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلا نقصان دوسرے اوور میں 15 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب چاڈوک والٹن 11 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوک رونچی تھے جو دوسرے ہی اوور میں عمید آصف کی گیند پر وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا کھلاڑی بھی عمید آصف نے ہی آؤٹ کیا، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آصف علی تھے جو 7 رنز بنا کر حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت کو بھی عمید آصف نے ہی آؤٹ کیا، انہوں نے دو رن بنائے اور وکٹوں کے پیچھے کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز افتخار احمد تھے جو 9 رنز بنانے کے بعد کرس جارڈن کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

شاداب خان اور آندرے رسل کو بالترتیب 2 اور 11 کے انفرادی اسکور پر ابتسام شیخ نے آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد سمیع تھے جو 6 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف نے اپنی ٹیم کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے تاہم ان کی ٹیم کو میچ میں 34 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قبل ازیں پشاور زلمی کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 69 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور کامران اکمل 32 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر سمت پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد تمیم اقبال اور ڈیوائن اسمتھ نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 121 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 39 رنز بنا کر آندرے رسل کا شکار بن گئے۔

حارحانہ موڈ میں نظر آنے والے ڈیوائن اسمتھ بھی 21 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا۔

فہیم اشرف نے اپنے اگلے اوور میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو بولڈ کر دیا، سیمی نے 6 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے۔

حارث سہیل محمد سمیع کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں آندرے رسل کے ہاتھوں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔

وہاب ریاض 7 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر کلین بولڈ  ہوئے جبکہ محمد حفیظ 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رومان رئیس، محمد سمیع، سمت پٹیل اور آندرے رسل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمت پٹیل تھے جو 23 رنز بنا کر ابتسام شیخ کی گیند پر ڈیری سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان رومان رئیس نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔