35

اسرائیلی گروپ کا مشتبہ سائبر حملے میں ایران کے 70 فیصد گیس اسٹیشنوں کو مفلوج کرنے کا دعویٰ

اسرائیل سے تعلق رکھنے والے گروپ نے مشتبہ سائبر حملے میں ایران کے 70 فیصد گیس اسٹیشنوں کو مفلوج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ایک ہیکنگ گروپ جس کا تعلق اسرائیل سے رہا ہے، اس نے پیر کے روز سائبر حملے میں ایران میں گیس اسٹیشنوں کو مفلوج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’شکاری چڑیا‘ کے نام سے مشہور اس گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے ’ایران بھر میں گیس پمپوں کی اکثریت کو غیر فعال کر دیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق تنظیم نے فارسی اور انگریزی میں جاری بیان میں کہا کہ یہ سائبر حملہ خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے آلہ کاروں کی جارحیت کے جواب میں کیا گیا ہے۔

گروپ نے دعویٰ کیا کہ اس نے متاثرہ گیس اسٹیشنوں کے ادائیگی کے نظام کے ساتھ ہر اسٹیشن کے مرکزی سرور اور مینجمنٹ سسٹم تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوسری طرف ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ملک کے تقریبا 70 فیصد گیس اسٹیشن پر سافٹ ویئر کے مسائل کا سامنا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے ملک کی وزارت تیل کے ایک بیان کا حوالہ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 30 فیصد سے زیادہ گیس اسٹیشن خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ملک میں تقریبا 33,000 گیس اسٹیشن ہیں۔