27

مجھے پولیس کے ذریعے گرفتار کرنے کی کوشش کرائی گئی، حبا فواد

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چودھری کی اہلیہ فواد نے کہا ہے کہ انہیں پولیس کے ذریعے گرفتار کرنے کی بھی کوشش کرائی گئی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر ) پر اپنے ویڈیو پیغام میں حبا فواد نے کہا ہے کہ میں نے دو روز قبل یہ اعلان کیا تھا کہ میرے شوہر فواد چودھری جیل سے الیکشن لڑیں گے اور ان کی الیکشن کمپیئن میں خود چلائوں گی جس کا باقاعدہ اعلان پریس کانفرنس کر کے کروں گی ۔

انہوں نے کہا کہ میں پریس کانفرنس کرنے کیلئے گئی تو فواد چودھری کے بھائیوں فراز چوہدری، فیصل چوہدری، فوق شیر باز اور ان کے گھر کے سربراہ چوہدری شہباز حسین کے احکامات پر میری پریس کانفرنس روکنے کیلئے پریس کلب کو تالے لگوا دیےگئے۔

حبا فواد کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پولیس کے ذریعے گرفتار کرنے کی بھی کوشش کرائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل ایک پروگرام میں فواد چودھری کی اہلیہ حبا فواد نے کہا تھا کہ ان کے شوہر آزاد حیثیت سے انتخابات لڑیں گے اور میں فواد چودھری کے لیے ووٹ مانگنے نکلی ہوں۔

میں اور فواد چودھری ایک پیج پر ہیں، میں ان کی مسینجر ہوں، باقی فیصلہ فواد چودھری خود کریں گے۔