ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی فیفا ورلڈکپ 2022 میں پہنی گئیں جرسیاں لاکھوں ڈالرز میں نیلام ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال فیفا ورلڈکپ کے دوران لیونل میسی کی جانب سے پہنی گئیں 6 جرسیاں جمعرات کو نیویارک میں 78 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوگئیں۔
ان 6 جرسیوں میں وہ شرٹ بھی شامل تھی جو میسی نے فرانس کے خلاف ورلڈکپ فائنل میں پہنی تھی، نیلامی سے قبل یہ جرسیاں نیویارک میں نمائش کے لیے بھی رکھی گئی تھیں۔
گزشتہ ماہ 36 سالہ میسی نے سوشل میڈیا پر نیلامی کی خبر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا تھا اس نیلامی سے حاصل رقم کا ایک حصہ بارسلونا کے چلڈرن اسپتال کو عطیہ کیا جائے گا۔
نیلامی میں میسی کی جرسیاں خریدنے والے کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
نیلامی سے قبل یہ جرسیاں نیویارک میں نمائش کے لیے بھی رکھی گئی تھیں۔
نیلامی سے قبل خیال کیا جارہا تھا کہ میسی کی ان جرسیوں کی نیلامی ایک کروڑ ڈالر سے زائد میں ہوسکتی ہے جو کہ کھیل کی تاریخ میں اب تک کی سب سے قیمتی نیلامیوں میں سے ایک ہوگی لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ کسی بھی اسپورٹس مین کی سب سے مہنگی جرسی کی نیلامی کا ریکارڈ سابق امریکی باسکٹ بال پلیئر مائیکل جارڈن کے پاس ہے۔
1998 میں این بی اے فائنل میں پہنی گئی مائیکل جارڈن کی جرسی گزشتہ برس ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔
سب سے مہنگی فٹبالر کی جرسی کی نیلامی کی بات کریں تو وہ ریکارڈ ارجنٹائن کے آنجہانی فٹبالر میراڈونا کے پاس ہے جن کی 1986 میں انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ کواٹر فائنل میں پہنی گئی جرسی گزشتہ سال 93 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ میسی کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2022 کے فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر تیسری بار ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔