119

بھارتی کرکٹ ٹیم میں اب کوئی کھلاڑی '7' نمبر کی جرسی کیوں نہیں پہن سکے گا؟

بھارتی کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ انڈین مینز کرکٹ ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی اب '7 'نمبر کی جرسی نہیں پہن سکے گا۔ 

 ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے اور اس کی شرٹ زیب تن کرے، جس کے لیے اسے مختلف نمبرز والی جرسی آلاٹ ہوتی ہے اور جرسی نمبر منتخب کرنے کا آپشن بھی دیا جاتا ہے۔

 ٹیم میں ہر کھلاڑی کی جرسی کا نمبر بھی الگ ہوتا ہے۔کچھ کھلاڑی اتنے خاص ہوتے ہیں کہ ان کی جرسی کا نمبر ان کی شناخت بن جاتا ہے، جیسے کہ سچن ٹنڈولکر کا جرسی نمبر '10'، مہندر سنگھ دھونی کا '7' اور کرس گیل کا '333' وغیرہ۔

یہی وجہ ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف انداز اپنایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے  سابق کپتان مہندرسنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ کے ساڑھے 3 سال بعد 7 نمبر کی جرسی جو وہ پہنتے تھے اسے بھی ریٹائر کردیا ہے جس کے بعد اب مستقبل میں کوئی بھی کھلاڑی 7 نمبر کی جرسی زیب تن نہیں کرسکے گا۔

فوٹو: فائل

 

 

دھونی دوسرے بھارتی کرکٹر ہیں جن کو بی سی سی آئی کی جانب سے یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

اس سے قبل بی سی سی آئی نے سچن ٹنڈولکر کا جرسی نمبر'10' بھی ریٹائرکر دیا تھا تاکہ مستقبل میں کوئی بھی کھلاڑی اس نمبر کی جرسی دوبارہ نہ پہن سکے۔