44

کیا وجہ ہے کہ کسی ٹیم نے احمد شہزاد، شرجیل اورعمراکمل کو منتخب نہیں کیا ؟: معین خان نے بتادیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈائریکٹر معین خان نے احمد شہزاد، شرجیل خان اور عمر اکمل پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ یہ سب  بڑے نام ضرور ہیں اور ان کی پرفارمنس بھی ہوگی  لیکن اس بار یہ  ہمارے پلان کا حصہ نہیں ہیں۔ وہ  لاہور میں اسپانسرز سے معاہدے کی تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے۔

معین خان نے واضح کیا کہ ابھی سپلمینٹری کیٹگری میں دو کھلاڑیوں کو جنوری میں ڈرافٹ کے ذریعے منتخب کرنا ہے، کوشش کریں گے کہ اپنے کمبی نیشن کے لحاط سے ان کھلاڑیوں کا چناؤ کریں جن کے آنے سے ٹیم کی قوت میں مزید اضافہ ہو۔

معین خان سے سوال کیا گیا کہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور شرجیل خان نے ڈومیسٹک میں پرفارمنس بھی دی ہے پھر کیا وجہ ہے کہ کسی ٹیم نے ان تینوں کو منتخب نہیں کیا۔ سپلیمنڑی کیٹگری میں جن دو کھلاڑیوں کو ابھی آپ نے لینا ہے، کیا ان تینوں میں سے کسی کو زیر غور لائیں گے؟

معین خان نے واضح کیا کہ عمر اکمل، احمد شہزاد اور شرجیل خان کی قابلیت سے انکار نہیں تاہم اس بار ٹیم کوئٹہ کے پلان میں یہ تینوں کھلاڑی شامل نہیں۔ ہم نے اس بار جس اسکواڈ کا انتخا ب کیا ہے اس سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ یقین ہے کہ کوئٹہ کی ٹیم فائنل تک رسائی میں کامیاب ہوگی۔

معین خان کے مطابق پاکستان سپرلیگ اب ایک مقبول برانڈ بن چکا ہے جس کے پرفارمر کو دنیا بھر میں پذیرائی ملتی ہے۔ جتنے بھی بڑے نام ہیں وہ اس میں کھیل چکے ہیں۔ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کیلئے خود کو منوانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔

ٹیم اونر ندیم عمر نے کہا کہ  اس بار بہت سوچ سمجھ کر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ کوشش ہوگی کہ اچھی پلاننگ کے ساتھ ہر میچ کھیلیں۔ سرفراز احمد کی صورت میں ہمارے پاس ایک قابل کپتان موجود ہے، ماضی میں کچھ غلطیاں ہوتی رہی ہیں، اس بار چاہتے ہیں کہ ٹرافی کے ساتھ اپنے فینز کے دل بھی جیتیں۔