249

کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلیے 150 رنز کا ہدف

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جوئے ڈینلی اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا۔اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلی وکٹ پر 34 رنز جوڑے تو جوئے ڈینلی 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 57 رنز کے مجموعے پر بابر اعظم 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔83 کے مجموعی اسکور پر خرم منظور 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

خرم منظور کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن انگرام اور روی بوپارا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے 131 رنز تک پہنچایا تو کولن انگرام 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگرام کے آؤٹ ہونے کے بعد بوپارا بھی ایک رنز کے اضافے کے بعد 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

138 کے مجموعے پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 2 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

شاہد آفریدی 8 گیندوں پر 4 رنز بنا کر شین واٹسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر شین واٹسن نے عرفان خان جونیئر بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔محمد رضوان نے آخری اوور کی تیسری گیند پر واٹسن کو چوکا لگایا جب کہ اگلی ہی گیند پر واٹسن نے انہیں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انور علی اور آرچر نے دو، دو جب کہ شین واٹسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

 

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ہی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی ہیں البتہ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی۔

خیال رہے پی ایس ایل تھری میں عماد وسیم پہلی مرتبہ کراچی کنگز کی قیادت کر رہے ہیں اور شاہد آفریدی بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں جو اس سے قبل سیزنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی اور قیادت کرچکے ہیں۔

پی ایس ایل تھری کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں ڈیبیو کرنے والی ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ہوا۔

ملتان سلطانز نے شانداد کھیل کے بعد افتتاحی میچ کامیابی سے پی ایس ایل تھری کے سفر کا آغاز کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کے ایلیمینیٹر میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔