40

لرنرڈرائیونگ لائسنس فیس میں اضافہ کردیا گیا

وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کا33واں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں اضافے کی منظوری دیدی گئی، جس کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق یکم جنوری سے قبل ڈرائیونگ لائسنس موجودہ شرح فیس سے بنائے جائیں گے۔ یکم جنوری سے لرنر کی فیس 60روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کردی جائے گی۔ ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس فیس کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا۔ امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہری آن لائن 100ڈالر ادا کر کے لائسنس بنواسکیں گے۔

سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبا وطالبات کے لئے ٹرانسفر پالیسی کی منظوری دیدی گئی ہے۔ طلبہ صرف ہائی گریڈ میرٹ سے لو گریڈ میرٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں ٹرانسفر ہوسکیں گے۔


پنجاب کابینہ نے چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی الاٹ کرنے کے لئے شفاف قرعہ اندازی کی منظوری دے دی۔ چولستان میں 3لاکھ44ہزار ایکڑ اراضی بے زمین کاشتکاروں کو دینے کافیصلہ،ہر کاشتکار کو ساڑھے 12ایکڑ زمین خصوصی امدادی نرخ پر دی جائے گی۔

جیلوں کے ہسپتالوں کا انتظام محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے سپرد کرنے کی مںظوری۔ کابینہ نے قیدیوں کے لئے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔ پنجاب میں نرسنگ کی طالبات کی تعداد دگنی کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی گئی۔

انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کے لئے انتظامی کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کی مینجمنٹ و آپریشن کے لئے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور رجب طیب اردوان ہیلتھ ٹرسٹ کے درمیان معاہدے کی تجدید کی منظوری دیدی گئی۔


پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشن ایکٹ 2003 کے تحت چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کو اپ گریڈ کرکے میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزمیں جنوبی پنجاب کے لئے پی کے ایل آئی ٹو قائم ہوگا۔ لاہور اور بہاولپور کی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے وائس چانسلرزکی سلیکشن کے لئے سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی گئی ہے۔

پبلک پراسیکیوٹر ڈیپارٹمنٹ کے پراسیکیوٹرز کی ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تعیناتی کے لئے پالیسی فریم ورک کی منظوری دی گئی ہے۔ پنجاب سپیشل پریمیسز(پریزرویشن) آرڈیننس 1985ء کے تحت باغ جناح کو خصوصی حیثیت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ باغ جناح کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر انتظامی امور والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کیے جائیں گے۔ چنیوٹ کے تاریخی عمر محل کا انتظام بھی والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کیا جائے گا۔


پنجاب وائلڈ لائف رولز 1974ء کے تحت شوٹنگ لائسنس اور فیس پر نظر ثانی کی منظوری دیدی گئی ہے۔ گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب کا پوٹھوہار کیمپس قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ساتھ موٹروہیکلز رجسٹریشن کی معلومات کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور ونجکاری کے 10ویں اور 11ویں اجلاس  کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔

صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، اعلیٰ حکام اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔