29

عمران خان کے پارٹی عہدے سے پیچھے ہٹنے کی وجہ سیاسی ہے، علی محمد خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے چیئرمین شپ سے پیچھے ہٹنے کی وجہ سیاسی ہے۔

 علی محمد خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر سیاسی کیسز بنے ہیں، انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پارٹی کے عہدے سے پیچھے ہٹنے کی وجہ سیاسی ہے، عبوری مدت کےلیے بیرسٹر گوہر عہدہ سنبھالیں گے۔

علی محمد خان نے مزید کہا کہ پارٹی چیئرمین کے تمام اختیارات بیرسٹر گوہر استعمال کرسکیں گے، بیرسٹر علی ظفر نے بھی یہی بات کی جو میں کر رہا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ زندگی میں تلخ تجربات ہوتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی سارے فیصلے خود نہیں کرتے تھے، کور کمیٹی توثیق کرتی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عثمان بزدار کو ہم صوبہ پنجاب میں اس طرح نہیں چلاسکے، جس طرح چلانا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ 20 سال پرانوں نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو چھوڑ دیا، اس بار بھی پی ٹی آئی حکومت میں آئے گی تو پہلے سے زیادہ بہتر ٹیم اور اچھے فیصلے نظر آئیں گے۔

علی محمد خان نے کہا کہ میں جس حلقے سے جیتا ہوں، میرےگاؤں کو اس حلقے سے نکال دیا گیا، آپ ووٹرز کو یہاں کریں یا وہاں، لوگ ہمیں ووٹ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام فیصلہ کرچکے، بہتر ہوگا کہ لیول پلینگ فیلڈ دی جائے، پنجاب میں ہمارا کوئی جلسہ نہیں ہو رہا۔