64

کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی کا مقدمہ درج، مئیر کراچی کے کنٹونمنٹ بورڈ پر تنقید

  کراچی: راشد منہاس روڈ پرواقع آرجے شاپنگ مال میں خوفناک آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کےمطابق مقدمہ مجرمانہ غفلت اور قتل بالسبب کی دفعات کےتحت درج کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز آر جے مال میں آگ لگنے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کی چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزل پر صبح ساڑھے 6 بجے لگی جس پر تقریباً ساڑھے 10 بجے قابو پایا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ کل صبح پانچ بجے شاپنگ مال میں آگ بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 6 منزلہ عمارت کو اپنی لیپٹ میں لے لیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شدید زخمیوں میں سے کئی دوران علاج دم توڑ گئے، شبہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی لیکن تحقیقات میں حتمی وجہ کا تعین ہوگا۔

دوسری جانب میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ کل شاپنگ مال میں آگ لگی تو کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کا عملہ نہیں آیا تھا، کے ایم سی کے محکمہ فائر اور ریسکیو 1122 کا عملہ وہاں موجود تھا، ہم نے ہی ریلیف کا کام کیا اور 35 لوگوں کی جان بچائی۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں وہ علاقہ کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کا ہے اور وہاں کا تمام ٹیکس بھی وہی لیتے ہیں اور اس عمارت کا نقشہ بھی کنٹونمنٹ بورڈ فیصل نے ہی منظور کیا۔