42

ندا یاسر اور شائستہ لودھی کا نسیم شاہ کو ماڈلنگ میں قدم رکھنے کا مشورہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان ندا یاسر نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

اداکارہ ندا یاسر نے حال ہی میں ساتھی اداکارہ اور میزبان شائستہ لودھی کے ہمراہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں کیرئیر سمیت اہم موضوعات پر بات چیت کی اور راولپنڈی ایکسپریس کی جانب سے پوچھے گئے دلچسپ سوالات کے جوابات دیئے۔

 

شعیب اختر کی جانب سے سوال کیا گیا کہ قومی ٹیم کا کونسا کھلاڑی ہے جسے ماڈلنگ جوائن کر لینی چاہیے اور انہوں نے تین کرکٹرز کے نام لئے جن میں شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور نسیم شاہ شامل تھے۔

ندا یاسر نے نسیم شاہ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’’ آج کل سبھی لڑکیاں اسی کے پیچھے ہیں اور مجھے لڑکیوں نے بھی بتایا ہے جبکہ میں انٹرنیٹ پر بھی پڑھتی ہوں کہ وہ بڑا پیارا ہے، بڑا اچھا ہے۔‘‘

اس موقع پر ان کی ساتھی اداکارہ شائستہ لودھی نے ان کی بات کی تائید کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ وہ پیارا ہے، اور میں نے نہ صرف اسے دیکھا بلکہ بات بھی کی ہے اور ملاقات بھی ہوئی ہے۔‘‘

شائستہ لودھی نے بتایا کہ میری نسیم شاہ سے اچھی دعا سلام بھی ہے اور مجھے اس کی جو بات اچھی لگتی ہے وہ بہت کیوٹ اور سادہ بھی ہے۔

شائستہ کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ معصوم بھی ہے اور اسے ابھی تک ’ وہ ‘ والی ہوا بھی نہیں لگی، تاہم، لگے گی۔

شعیب کے اصرار پر ’ ہوا ‘ کے لفظ کی وضاحت کرتے ہوئے شائستہ لودھی کا کہنا تھا کہ میں اس ہوا کی بات کر رہی ہوں جب لوگ کیمرا پر آنے کے لئے خصوصی تیاری کرتے ہیں اور پتا ہوتا ہے کہ اس سوال کا جواب میں نے یہ دینا ہے یا اس پر یوں بولنا ہے۔