29

بزرگ سیاستدان سیاست کے بجائے ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بزرگ سیاستدان سیاست کے بجائے ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ پرانی سیاست سے جان چھڑاکر نئی سیاست لانا ہوگی۔

اپردیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بزرگ سیاستدانوں نے ہر چیز کو انا کا مسئلہ بنارکھا ہے، بزرگ سیاستدان سیاست کے بجائے ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں، پنجاب کے سیاستدانوں کی سیاست یہ ہے کہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بزرگوں کی نفرت کی سیاست نقصان دہ ہے، تقسیم اور نفرت کی سیاست ختم کرنا ہوگی، معلوم نہیں کہ بزرگ سیاستدانوں کے ارادے کیا ہیں؟ وہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی اور کو کام کرنے دیتے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کا ارادہ ہے کہ 18ویں ترمیم تبدیل کریں، وہ الیکشن جیتیں گے نہ انہیں دو تہائی اکثریت ملے گی، عوام نے مہنگائی لیگ کا اصل چہرہ بھی دیکھ لیا، عوام نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بھی دیکھ لیا ہے۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے کہا اب ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے بیان کا خیرمقدم کیا تھا، کہا ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی قسمت بدل دیں گے۔ مزدور کارڈ کو ملک بھر میں متعارف کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کا مقصد حکومت میں آکر اپنا حساب پورا کرنا ہے، ن لیگ حکومت میں آکر اپنا ذاتی حساب لے گی، خان صاحب آج کل جیل میں ہیں، نظر نہیں آرہا کہ خان صاحب کو موقع ملے گا، خدانخواستہ اگر خان صاحب کو موقع ملا تو وہ بھی ذاتی حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیر تو بلی نکلا،اب آپ کو پی پی کو موقع دینا ہوگا، ان لوگوں کو گھر بٹھانا ہے جو دو دو بار وزیراعظم بن چکے ہیں۔