31

پنجاب حکومت نے کھانسی کے 5 سیرپس پر پابندی عائد کردی

پنجاب حکومت نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی تحقیقات کے مطابق کھانسی کے 5 غیر معیاری سیرپس پر پابندی عائد کردی جبکہ مالدیپ کی شکایت پر تحقیقات میں پانچوں سیرپس میں الکوحل کی زیادہ مقدار کی تصدیق ہو گئی۔

نگراں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ حکومت پنجاب نے کھانسی کے 5 سیرپس پر پابندی عائد کردی، ڈبلیو ایچ او کی تحقیقات میں ان سیرپس میں الکوحل کی زیادہ مقدار کی تصدیق ہوگئی۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، لاہور میں تیار کردہ کھانسی کے یہ سیرپ بیرون ملک بھی سپلائی کیے جاتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالدیپ کی شکایت پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے تحقیقات کیں، ڈریپ کی سفارش پر حکومت پنجاب نے پانچوں سیرپس کی فروخت روک دی ہے، پنجاب کے تمام میڈیکل اسٹوروں سے ان سیرپس کا اسٹاک فوری طور پر اٹھایا جا رہا ہے۔

نگراں وزیرصحت پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیرپ تیار کرنے والی فیکٹری کو سر بمہر کیا جا رہا ہے، ذمہ داروں کے خلاف زیرو ٹالرنس سے کام لیا جائے گا۔