37

نگران وزیراعلیٰ کے پی جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نے عہدےکا حلف اٹھالیا

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) جسٹس ریٹائرڈ  ارشد  حسین شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی جہاں گورنر خیپرپختونخوا  غلام علی نے  جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ سے حلف لیا۔

تقریب میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ،  آئی جی پی، ایڈووکیٹ جنرل، سابق صوبائی وزرا اور  سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔

 

خیال رہےکہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد آج گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کی بطور نگران وزیراعلیٰ تقرری کی منظوری دی تھی۔

گورنر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق انہوں نے  آرٹیکل 224 کے تحت نگران وزیراعلیٰ  کی تقرری کی منظوری دی ۔

گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے جس کے باعث صوبائی کابینہ تحلیل ہو گئی تھی اور خیبر پختونخوا میں ایک سیاسی خلا پیدا  ہوگیا تھا۔

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، وہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور  خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ بھی تھے۔