34

بلاول کو وزیراعظم بنانا ہمارا حق ہے :خورشید شاہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواشریف لاکھ بار وزیراعظم بنیں لیکن ہمارا بھی حق ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں۔ بلاول وزیراعظم بنے گا، ہم آپ کو سرپرائز دیں گے۔

کراچی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات کے بعد خورشید شاہ نے کہا کہ ہم اپنی ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر پنجاب سے جیتیں گے۔ لوگوں کو بتائیں گے کہ سائوتھ پنجاب کے ساتھ 2008 میں وعدہ کیا تھا، اس کو کہاں تک پورا کیا۔

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے پرانے دوست ہیں، گزشتہ روز شادی میں آئے، ملاقات ہوئی تو میں نے چائے پر بلا لیا۔ ہم سیاستدان اور مخالف ضرور ہیں لیکن دشمن نہیں۔ ہم مل بھی سکتے ہیں۔ جب میں پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف تھا، تو حالات ایسے ہوئے کہ مجھے نواز شریف کی مدد کرنی پڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی مستقل دشمن یا مخالف نہیں ہوتا، ہمارے تعلقات ہیں، سولہ مہینے اقتدار میں رہے ہیں۔ ہم مہمانوں کو عزت دیتے ہیں، عزت دینی چاہیے، اخلاق کے دائرے میں ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ میں ایک سیاسی کارکن کی حیثیت میں خوشی کا اظہار کروں گا کہ ملک میں سیاسی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ سیاست میں اتحاد بری بات نہیں۔ پیپلزپارٹی اس پر کبھی اعتراض نہیں کرتی کہ اتحاد کیوں بنتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا اتحاد عوام کے ساتھ ہے، ہم نے کبھی اقتدار کی خاطر حکومت کیلئے لڑائی نہیں لڑی۔ ہم نے 1960ء سے اب تک عوام کو طاقتور بنانے کی سیاست کی ہے۔ ووٹ کا اختیار اور اقتدار قائم کرنے کا اختیار ہم عوام کو دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جو گومگو کی صورتحال ہے، اس میں آپ کہہ سکتے ہیں کہ مشکلات ہیں، انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد بھی لوگ شکوک شبہات میں ہیں، ہمیں دی ہوئی تاریخ پر انتخابات کروا کر عوام کے ان شکوک کو دور کرنا پڑیگا۔