82

حماس نے بھی وضاحت سےکہا کہ ہماری امید پاکستان ہے ، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ  انہوں نے حماس قیادت سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کا  بچہ  بچہ فلسطین کے ساتھ ہے، حماس  نے  بھی وضاحت سےکہا کہ دنیا میں ہماری امید پاکستان ہے۔

مری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں ہماری مائیں اور بہنیں شہید ہوئی ہیں، فلسطین میں بزدل چھوٹے بچوں  اور عورتوں پر بمباری کرتا ہے، فلسطین والے ہمارے بھائی ہیں، پوری امت مسلمہ ان کے ساتھ کھڑی ہو، امریکا، برطانیہ، فرانس میں بھی فلسطینی عوام پر ظلم کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں؟ افغانستان میں روس اور امریکا کو باہر نکالا گیا، اگر امریکا خود کو سپر طاقت سمجھتا ہے تو احمق ہے، اگر ہم بھی امریکا کو سپر طاقت سمجھتے ہیں تو احمق ہیں، امریکا، مغربی دنیا بحری بیڑے لا کرحمایت کرسکتےہیں تو مسلمان برادری کو کیا سانپ سونگھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کی پرواہ نہیں کی اور  وطن عزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے حماس  قیادت سے ملاقات کی، حماس قیادت نےکہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں جو مو قف دیا اس کی قدر کرتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ  آج کا اجتماع بتا رہا ہے کہ ہماری محبت آپ کے دلوں سےکوئی نکال نہیں سکا، ماضی میں ہمیں بہت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، اب ماضی کی لکیروں کی پیروی کے بجائےنئے زاویے کے ساتھ مستقبل کی تعمیر کرنی ہے۔