33

آئی پی پی کا اسدعمرسے نومئی کے ذمے داروں کوبے نقاب کرنے کا مطالبہ

استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےپریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق رہنماء تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر اسد عمر سے نو مئی کے ذمے داروں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کردیا۔

رپورٹس کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نےسابق وفاقی وزیر اسد عمر کے سیاست سے کنارہ کشی اور پی ٹی آئی چھوڑنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کفارے کے طور پر نو مئی کے ذمہ داروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں۔ پارٹی چھوڑنے کے ساتھ ساتھ وہ نو مئی کے ذمہ داروں کا بھی اعلان کریں۔

 

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بوسیدہ دیوار گرتی جا رہی ہے۔ اس دیوار کے ذمہ دار نے اپنے ہاتھوں یہ دیوار گرائی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اسد عمر پی ٹی آئی کو داغ مفارقت دے گئے ہیں۔ نو مئی کا بوجھ لے کر کوئی بھی سیاست دان سیاست نہیں کر سکتا۔ ملکی امن کو نفرت، دھوئیں اور آگ سے آلودہ کرنے والی پارٹی اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے۔ نو مئی ملکی سیاست کے لئے سورج گرہن ثابت ہوا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری  اسد عمر نے تحریک انصاف کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے بعد پارٹی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیاست سے دستبردار ہوگئے ۔پی ٹی آئی کے سابق رہنما اسد عمر نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہنا ہےکہ میں ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں ہوں ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ شدید ٹکراؤ کا باعث بنی۔

 

اسد عمر نے مزید کہا یہ پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں ہے،پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔