27

اسرائیل کو جنگی جرائم کا حساب دینا پڑے گا، فلسطینی صدر

ریاض: فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو جنگی جرائم کا حساب دینا پڑے گا.

 ریاض‌ میں‌ او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی بدترین جارحیت کا بہادری سے سامنا کررہے ہیں، اسرائیل نے نہتے شہریوں‌ پر بمباری کرکے حدود پار کرلی.

انہوں‌ نے کہا کہ نہتے شہریوں‌ پر ایسا ظلم عالمی برادری کے دوغلے پن کی نشانی ہے، اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے ہزاروں‌ فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں.

محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کو جنگی جرائم کا حساب دینا پڑے گا، اسرائیل کو اپنی فوجی طاقت پر گھمنڈ‌ ہے کہ وہ ہمیں‌ ختم کردے گا، میرا دل ہزاروں‌ معصوم بچوں‌ کے قتل پر بے حد افسردہ ہے، مجھے زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے.

فلسطینی صدر نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں‌ فلسطینیوں کی نسل کررہا ہے، اسرائیلی جارح‌ فورسز کو جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں‌ لایا جائے.

انہوں‌ نے کہا کہ امریکا سمیت عالمی برادری کو خطے میں‌ قیام امن کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، سلامتی کونسل غزہ میں‌ اسرائیلی بربریت رکوانے میں‌ ناکام ہوگئی ہے.

محمود عباس کا کہنا تھا کہ اسرائیل فوجی طاقت کے نشے میں دوریاستی فارمولےکو بھلاچکا ہے، غزہ کی پٹی ریاست کا لازمی جزو ہے، غزہ میں‌ قیمتی انسانی جانوں‌ کے نقصان کے ساتھ 20 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوچکا ہے.

فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ غزہ مسلح‌ فلسطینیوں‌ کی حفاظت کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، فلسطین اتھارٹی فلسطینیوں‌کی واحد تسلیم شدہ اور قانونی نمائندہ ہے.