32

جیالا میئر، جیالا وزیراعلیٰ اور جیالا وزیراعظم ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انشاء اللہ 8 فروری کو انتخابات ہوں گے اور کامیابی پیپلزپارٹی کی ہوگی، پہلی بار جیالا میئر، جیالا وزیراعلیٰ اور جیالا وزیراعظم ہوگا، کراچی سمیت پورے پاکستان کی قسمت ساتھ مل کر بدلیں گے۔

کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں فٹبال اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انشاء 8 فروری 2024ء کو الیکشن ہوں گے، اسی جذبے کے ساتھ 8 فروری کو بھی نکلیں گے، عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، عام انتخابات میں کامیابی پیپلزپارٹی کی ہوگی، پہلی بار ہوگا جیالا میئر، جیالا وزیراعلیٰ، جیالا وزیراعظم بھی ہوگا، پھر لوگ دیکھیں گے کس طرح شہر کی قسمت بدل دیں گے، پورے پاکستان کی قسمت ساتھ ملکر بدلیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کے معاشی حالات برے ہیں، مہنگائی عروج پر ہے، غربت اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر نا صرف صوبائی حکومت بلکہ وفاقی حکومت بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ابراہیم حیدری، گذری اور لیاری کی طرح پی پی پی کراچی کے عوام کیلئے ہر ضلع میں کھیل کے میدان بنائے گی، انشاء اللہ ہر ضلع میں کھیل کے میدان بنائیں گے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کریں گے، نوجوان مثبت کاموں میں دلچسپی لیں ناکہ غلط راستوں پر چلے جائیں۔

بلاول کا کہنا ہے کہ یہ صرف کھیل کے میدان نہیں بلکہ ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز بھی ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت اس قسم کے مزید ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز بنائے گی، یہاں ٹیچرز ٹریننگ کی سہولت بھی موجود ہے، جس سے اساتذہ اپنی صلاحیتوں  میں اضافہ کریں گے، ناصرف وہ ٹیچرز بن سکیں گے بلکہ اپنے لئے روزگار کے بہتر مواقع بھی ڈھونڈ سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری کی ابراہیم حیدری میں مجاہد فٹبال اسٹیڈیم آمد پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان بلوچ نے استقبال کیا، اس موقع پر مراد علی شاہ، سابق اراکین اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے تنظیمی عہدیداران بھی موجود تھے۔