51

ٹائم آئوٹ معاملہ نہ تھما ،اینجلو میتھیوز نے بڑا ثبوت پیش کردیا

سری لنکا اور بنگلہ دیش میچ کے دوران رونما ہونے والا ٹائم آئوٹ کامعاملہ تھمتا دکھائی نہیں دے رہا۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے اپنے ایکس اکائونٹ پر سارے واقعے کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے ۔

اینجلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ میں سب کچھ آپ پر چھوڑتا ہوں ، پوری ویڈیو دیکھیں اور فیصلہ کریں۔

دوسری جانب میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے اینجیلو میتھیوز کے ٹائم آؤٹ پر بننے والے تنازع پر کہا کہ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، انہیں ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی۔

شکیب الحسن نے مزید کہا جب میتھیوز کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹا تو ہمارا ایک پلیئر میرے پاس آیا اور کہا کہ اگر میں ٹائم آؤٹ کی اپیل کرتا ہوں تو وہ آؤٹ ہوجائیں گے۔

امپائر نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں سنجیدہ ہوں؟ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ صحیح ہے یا غلط، جب ہم فیلڈ میں تھے مجھے ایسا لگا جیسے میں جنگ میں ہوں۔