95

شاہین شاہ میں کپتانی کی قابلیت ہے: شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہناہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی میں کپتانی کی قابلیت ہے، انہوں نے لاہور قلندرز کو دو بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچایا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ میری کبھی خواہش نہیں رہی کہ شاہین  ٹیم کی کپتانی کرے لیکن اس میں کپتانی کی قابلیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بابراعظم کا بہت بڑا مداح ہوں لیکن اس ورلڈکپ میں وہ اپنی کارکردگی نہیں دکھا رہے، ویرات کوہلی کی طرح بابربھی ٹاپ لیگ کے ٹاپ کھلاڑیوں میں نظر آنے چاہئیں۔

اس کے علاوہ نجی میڈیا چینل سے گفتگو کے دوران میزبان نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ کیا انہیں کبھی بالی وڈ سے کسی مووی کی آفر ہوئی؟

اس کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے 2 سے 3 مرتبہ فلمز میں کام کرنے کے حوالے سے پیشکش ہوئی ہے جس میں بالی وڈ موویز بھی شامل ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ انسان کو وہی کرنا چاہیے جو وہ کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری شناخت کرکٹ سے ہے، میں نے فلموں میں کام نہیں کیا نہ ہی میری فیملی سے کبھی کسی نے کام کیا لہٰذا میں نے اس حوالے سے اب تک نہیں سوچا، میں نے کچھ کمرشل کیلئے کام کیے ہیں لیکن اس فیلڈ کیلئے اس سے زیادہ کام نہیں کیا۔