غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ 30 ویں روز بھی جاری ہے جس کے دوران مزید سیکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 270 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 9770 ہوگئی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4880 بچے اور 2550 خواتین بھی شامل ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے ریڈ کراس کمیٹی اور مصر سے مطالبہ کیا گیا کہ شدید زخمیوں کا غزہ سے محفوظ انخلا یقینی بنایا جائے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ہم ریڈ کراس سے زخمیوں کے انخلا کے لیے محفوظ راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک آپشن یہ ہے کہ مصر کی جانب سے ایمبولینسیں غزہ بھیج کر زخمیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جائے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایمبولینسوں کے قافلے پر بمباری کے بعد سے زخمیوں کو غزہ سے مصر منتقل کرنے کا عمل رک گیا ہے۔