بھارتی ریاست منی پور میں حالات انتہائی کشیدہ ہوکر بھارتی حکام کے کنٹرول سے باہر ہوگئے،باغیوں کے حملے میں درجنوں پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امپھال میں 700 باغیوں نے پولیس کیمپ پر حملہ کرکے جدید ترین ہتھیار،گولہ بارود اور درجنوں گاڑیاں چھین لیں جبکہ حملے کے دوران درجنوں پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال 3 مئی کو شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک 5 ہزار سے زائد سرکاری ہتھیار اور لاکھوں گولیاں لوٹی جاچکی ہیں، ایک لاکھ سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کے باوجود حالات مودی سرکار کے قابو سے باہرہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منی پور میں اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زائد دربدر ہوچکے ہیں۔ 6 ہزار سے زائد گھراور 500 سے زائد عبادت گاہیں بھی تباہ ہوچکی ہیں۔ منی پور کے وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ حالات کو انتہائی سنگین قرار دے چکے ہیں۔ نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ مودی سرکار پر تشدد واقعات کو ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں۔