42

غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 166 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران مزید 166 فلسطینی شہری شہید ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 166 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 9227 ہوگئی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ 271 شہید افراد میں 79 خواتین اور 76 بچے شامل تھے۔

مجموعی طور پر غزہ میں اب تک 2405 خواتین اور 3826 بچے شہید ہو چکے ہیں۔


فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ 32 ہزار 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

بیان کے مطابق 1200 بچے اب بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 136 طبی ورکرز شہید جبکہ 25 ایمبولینسیں تباہ ہوچکی ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کے اسپتالوں پر 126 جبکہ طبی مراکز پر 50 حملے کیے گئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ رفح کراسنگ سے بہت کم تعداد میں زخمیوں کو مصر منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کم از کم 800 بہت زیادہ شدید زخمی افراد کو مصر منتقل کیے جانے کی ضرورت ہے، کیونکہ غزہ کے اسپتالوں کا نظام منہدم ہونے کے باعث یہاں ان کا علاج ممکن نہیں۔

ترجمان کے مطابق غزہ کے واحد کینسر اسپتال کے بند ہونے کے بعد سے اب تک کینسر کے شکار ایک درجن مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم تمام فریقین اور عالمی برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ طبی سامان اور ایندھن کی سپلائی کے لیے محفوظ راہداری فراہم کی جائے جبکہ دیگر ممالک کی رضاکار طبی ٹیموں کو غزہ آنے کی اجازت دی جائے۔