30

ورلڈکپ :بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 205رنز کا ہدف دیدیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 31 ویں میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے205رنز کا ہدف دیدیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 204رنز کر آؤٹ ہو گئی۔

تفصیلا ت کے مطابق بنگلا دیش کو پہلا نقصان صفر پر اٹھانا پڑا جب شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر تنزید حسن کو آؤٹ کیا جبکہ بنگال ٹائیگرز کی دوسری وکٹ بھی شاہین نے ہی اڑائی، 6 رنز کے مجموعی سکور پر نجم الحسن کو پویلین کی راہ دکھائی۔

حارث رؤف نے مشفق الرحیم کو پویلین لوٹایا جبکہ لٹن داس اور محمود اللہ نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا مگر افتخار احمد نے 102 رنز کے مجموعی سکور پر داس کو ڈگ آؤٹ بھیج دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں قومی ٹیم کی کمان بابر اعظم کے سپرد ہے جبکہ بنگال ٹائیگرز کو شکیب الحسن لیڈ کررہے ہیں۔

ٹاس کے موقع پر قومی کپتان بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، سکواڈ میں آج 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شاداب خان، امام الحق اور محمد نواز کی جگہ فخر زمان، سلمان علی آغا اور اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کو فائنل فور مرحلے کی دوڑ میں رہنے کیلئے بنگال ٹائیگرز کو ہرانا ضروری ہے، پاکستان کے پاس سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کا آج آخری موقع ہے۔

ورلڈ کپ 2023ء میں شاہینوں نے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں جیت حاصل کی جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم نے بھی 6 میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے، گرین شرٹس 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 7 ویں نمبر پر ہیں جبکہ بنگال ٹائیگرز 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 9 ویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو شاہینوں کا پلڑا بھاری ہے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں 38 ون ڈے میچز میں مدمقابل آئیں جس میں سے قومی ٹیم نے 33 اور بنگالی ٹیم نے 5 میں کامیابی حاصل کی، ورلڈ کپ میں 2 بار جوڑ پڑا، ایک پاکستان نے جیتا اور ایک میچ میں بنگلا دیش نے فتح سمیٹی۔