46

میری خواہش ہے یہ سب خواب ہو، فلسطینی بچے کی فریاد

اسرائیلی فوج نے بمباری کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینیوں کو ان کے پیاروں سے محروم کردیا ہے، جس پر پوری دنیا میں غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اسرائیلی فوج کی بمباری کی وجہ سے بے گھر ہونے والے مظلوم فلسطینی بچے کی روتے ہوئے ویڈیو نے دیکھنے والوں کو بھی دکھی کردیا ہے۔

 
 

فلسطینی صحافی نے تباہ شدہ گھر کے ملبے پر کھڑے مظلوم بچے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اپنے مکان کے ملبے پر کھڑا بچہ بے بسی کے ساتھ روتا نظر آرہا ہے۔

ویڈیو  میں موجود بچہ روتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ میری خواہش ہے یہ سب خواب ہو جبکہ اس دوران ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف بھی نظر آرہے ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ میں محصور فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری مسلسل 21ویں روز بھی جاری ہے۔

غزہ کی شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملوں میں آج مزید 298 فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 7326 ہوگئی ہے۔

فلسطینی شہداء میں 3038 بچے، 1726خواتین اور 414 ضعیف العمر بزرگ شامل ہیں، فلسطینی حکام کے مطابق ہزاروں فلسطینی تاحال اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، تل ابیب میں حماس کے راکٹ حملوں سے کئی اسرائیلی زخمی ہوگئے، جبکہ عمارتوں میں آگ لگ گئی ہے اور کئی عمارتوں میں دراڑیں بھی پڑ گئی ہیں۔

مسلسل راکٹ حملوں کی وجہ سے تل ابیب بن گورین ایئرپورٹ عارضی بند کردیا گیا ہے۔