43

مرکزی بینک کا ملک میں سب سے بڑی مالیت کے کرنسی نوٹ بند کرنے کا اعلان

مرکزی بینک نے ملک کا سب سے بڑی مالیت کا کرنسی نوٹ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، ساتھ ہی 1000 روپے کے نئے کرنسی نوٹ کاری ہونے پر وضاحت بھی پیش کردی ہے۔ بند کیے گئے نوٹ اب نہیں چل سکیں گے۔

یہ اعلان بھارت میں کیا گیا ہے، بھارت میں 8 نومبر 2016 کا دن یقیناً یاد رکھا جائے گا، جہاں رات 8 بجتے ہی 500 اور 1000 روپے کے نوٹ اچانک بند کر دیے گئے تھے اورملک بھر میں ایمرجنسی جیسی صورتِ حال پیدا ہوگئی تھی۔

اب تقریباً 7 سال بعد ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے ایک بار پھر وہی اعلان کیا ہے اور اس بار 2000 روپے کے نوٹ کو ختم کر دیا ہے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر یہ خبر بھی وائرل ہوگئی کہ اس کی جگہ 1000 روپے کا نوٹ دوبارہ واپس لایا جائے گا۔ جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھایا گیا تو خود ریزرو بینک نے سامنے آکر وضاحٹ پیش کی۔

دراصل، ریزرو بینک (RBI) نے 2000 روپے کے نوٹ کو گردش سے ہٹانے کے لیے 30 ستمبر 2023 تک کا وقت دیا تھا۔

آخری تاریخ تک 87 فیصد کرنسی بینکوں میں واپس جمع کردی گئی تھی، لیکن اب بھی 10 ہزار کروڑ روپے مالیت کے 2000 کے نوٹ بازار میں موجود ہیں۔ تاہم اب ان کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جن کے پاس 2000 روپے کے نوٹ ہیں وہ لین دین کے لئے ان کا استعمال نہیں کر سکیں گے۔

 

 دو ہزار روپے کا بھارتی کرنی نوٹ

 

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے 1000 روپے کے نوٹ کی واپسی کے بارے میں قیاس آرائیاں کیں۔ بہت سے لوگوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 2000 روپے کے نوٹوں کو ختم کرنے کے بعد جلد ہی 1000 روپے کا نوٹ کرنسی سسٹم میں داخل ہو جائے گا۔

تاہم، اس پر ریزرو بینک نے دو ٹوک جواب دیا ہے کہ 1000 روپے کے نوٹ کو دوبارہ متعارف کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اور نہ ہی اس حوالے سے مستقبل کا کوئی منصوبہ ہے۔

ریزرو بینک نے واضح کیا کہ معیشت میں نقدی کی ضرورت کے مطابق 500 روپے کے کافی نوٹ چل رہے ہیں۔ ڈیجیٹل لین دین بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے اس لیے نقد رقم کی ضرورت کم ہوگی۔ اس وقت سسٹم میں اتنی نقدی ہے جتنی ضرورت ہے۔

ریزرو بینک نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں کا شکار نہ ہوں اور کرنسی کے بارے میں باخبر رہیں۔

ریزرو بینک نے 2000 روپے کے نوٹوں کو سسٹم سے نکال دیا ہے، تاہم 30 ستمبر کی آخری تاریخ کے بعد بھی 2000 روپے کے نوٹ بدلنے کا آپشن برقرار ہے۔ جن کے پاس فی الحال 2000 روپے کی کرنسی ہے وہ ریزرو بینک کے علاقائی دفتر میں جا کر نوٹ بدلوا سکتے ہیں۔ آر بی آئی کے ملک بھر میں 19 علاقائی دفاتر ہیں۔