39

سیاسی و معاشی استحکام کےلئے انتخابات کا جلد انعقاد ناگزیر قرار

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کا کہنا ہے کہ سیاسی و معاشی استحکام کےلئے انتخابات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے، انتخابی شیڈول کا اعلان جلد ہونا چاہیئے۔

اسلام آباد میں نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے ملاقات میں راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے سازگار فضا کی فراہمی نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، سیاسی جماعتوں کو انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے یکساں سازگار ماحول ملنا چاہئے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن میں سیکیورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کریں گے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ  مکمل تعاون کرے گی۔ نگران وزیرداخلہ نے غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو نکالنے سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے جنرل سیکرٹری سید نئیر بخاری نے کہا ہے کہ ہم سب کے لئے لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں اور اگر نہ ملی تو انتخابی نتائج پر سوالات ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں سیکرٹری جنرل پی پی نئیر بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا مطالبہ ہے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے، پیپلز پارٹی سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتی ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے سے انتخابی نتائج پر سوالات ہوں گے۔