50

' بھرے اسپتال چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے' ، غزہ کے ڈاکٹرز کے حوصلے بلند

نا قابل یقین حد تک مشکل حالات میں کام کرتے غزہ کے ڈاکٹرز کا عزم و حوصلہ بلند ہے، جذبہ اور ہمت جوان رکھنے کے لیے ڈاکٹرز گیت بھی گاتے ہیں۔

غزہ کے العودہ اسپتال کے ڈاکٹرز کی مشکل حالات میں حوصلہ بلند رکھنے کے لیے گیت گانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ درد ختم ہونے تک یہاں رہیں گے ، زخمیوں سے بھرے غزہ کے اسپتالوں کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔ 

دوسری جانب اسرائیل کی نہ رکنے والی وحشیانہ بمباری سے غزہ میں ننھے بچے ڈر گئے  ہیں۔غزہ کی ایک ننھی بچی کا کہنا ہے بمباری ہوتی ہے تو بہت زیادہ ڈر جاتی اور ماں کے گلے لگ جاتی ہوں۔

ننھی بچی نے کہا کہ اسرائیل بمباری کر رہا ہے، پانی ، بجلی،انٹرنیٹ سب بند کیا ہوا ہے، اسرائیل بمباری بند کرے تاکہ وہ دوبارہ اسکول جاسکے۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ 19 ویں روز بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کی شہادتوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

عرب میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے اب تک 6 ہزار 55 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں 50 فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے باعث زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار 143 تک پہنچ گئی ہے۔