40

پاکستان کا غزہ کے لئے امدادی راہداری فوری کھولنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے غزہ کے لیے امداری راہداری فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کردیا ۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

منیر اکرم نے خبردار کیا کہ اسرائیلی جارحیت وسیع اور زیادہ خطرناک تنازعہ کی صورت اختیار کرسکتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کیا کہ جنگ بندی کی قرارداد منظور نہیں کی جاسکی جس کی بھاری ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے جو اس تنازعہ کو بڑھانے کے زمہ دار ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل غزہ کو قبرستان بنانے پر تلا ہے اور منگل کی رات بھی محصور علاقے پر بمباری ہوتی رہی۔

اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد تعداد 5 ہزار 800 تک پہنچ چکی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کو ایندھن کی سپلائی دینے سے بھی انکار کردیا گیا ہے اور غزہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتالوں کے پاس چند گھنٹے کا ایندھن باقی ہے اور اگر جنریٹرز بند ہو گئے تو ہزاروں مریض موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔

منیر اکرم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت اور غیر ملکی قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔