31

ورلڈ کپ کے ڈیبیو میچ میں ہی افغان بولر نے ریکارڈ بنا ڈالا

چنئی: آئی سی سی ورلڈ کپ میں اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے افغان اسپنر نور احمد نے ریکارڈ بنا ڈالا۔

افغان اسپنر نور احمد نے پیر کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کا ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے 49 رنز کے عوض پاکستان کی تین اہم ترین وکٹیں حاصل کیں۔

نور احمد نے عبداللہ شفیق، محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 18 سالہ نور احمد ورلڈ کپ ڈیبیو میچ میں بہترین بولنگ کرنے والے افغان بولر بن گئے ہیں۔


اس سے قبل شکور زادران 2015 کے ورلڈ کپ ڈیبیو میچ میں بنگلا دیش کے خلاف 20 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیکر ڈیبیو میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افغان بولر تھے۔

نور احمد کو پاکستان کیخلاف میچ میں فضل الحق فاروقی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔